پیر، 23 نومبر 2026 | 12 جمادی الثانی 1448 ھ
●بریکنگ نیوز
اہم قومی، بین الاقوامی اور عوامی خبروں کی تازہ ترین اپ ڈیٹس
عالمی

اسرائیل: آئزن کوٹ نے نیتن یاہو کے ساتھ مل کر حکومت بنانے سے کیا انکار!

Newsroom Admin·15 نومبر 2026
فونٹ سائز:
اسرائیل: آئزن کوٹ نے نیتن یاہو کے ساتھ مل کر حکومت بنانے سے کیا انکار!

اسرائیل: آئزن کوٹ نے نیتن یاہو کے ساتھ مل کر حکومت بنانے سے کیا انکار!. (تصویر: مشرق ٹائمز)

اسرائیل کی سیاست میں حکومت سازی کے حوالے سے کشمکش مزید تیز ہو گئی ہے۔ بنجمن نیتن یاہو نے گادی آئزن کوٹ سے ملک میں قومی اتحاد کی حکومت بنانے کی اپیل کی تھی، جسے آئزن کوٹ نے سختی سے مسترد کر دیا ہے۔نیتن یاہو کی اس پیشکش پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے آئزن کوٹ نے کہا کہ نیتن یاہو اچھی طرح جانتے ہیں کہ وہ انتخابات ہار چکے ہیں۔ ان کی یہ چالیں اب کامیاب نہیں ہوں گی۔

قومی سلامتی کے لیے اتحاد ضروری ہے: نیتن یاہو

اس سے قبل بنجمن نیتن یاہو نے اپیل کرتے ہوئے کہا تھا کہ اسرائیل کی سلامتی کے لیے قومی اتحاد کی حکومت کا قیام ضروری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس انتظام کے ذریعے ایران کے خطرے کو ہمیشہ کے لیے ختم کیا جا سکتا ہے، کیونکہ ایران ہمارے خلاف جوہری ہتھیار استعمال کرنے سے بھی گریز نہیں کرے گا۔ نیتن یاہو کے مطابق مجوزہ حکومت میں ایسی جماعتوں کو شامل ہونا چاہیے جو اسرائیل کو یہودی عوام کی ریاست کے طور پر تسلیم کرتی ہوں اور ملک کو درپیش سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کریں۔

اتحاد کی بات کر کے پھوٹ ڈالتے ہیں: آئزن کوٹ

گادی آئزن کوٹ نے نیتن یاہو کی اپیل کو مسترد کرتے ہوئے ان پر حکومت سازی کے عمل کو کمزور کرنے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ نیتن یاہو ایک طرف اتحاد کی بات کرتے ہیں لیکن عملی طور پر پھوٹ ڈالتے ہیں اور کشیدگی کو اس طرح ہوا دیتے ہیں جیسے کل کا کوئی وجود ہی نہ ہو۔ آئزن کوٹ نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ نیتن یاہو کی یہ چالاکیاں ان پر اثر انداز نہیں ہو سکتیں۔

اقلیتی حکومت بنانے کی تیاری:

رپورٹس کے مطابق آئزنکوٹ اسرائیل میں قومی ایمرجنسی حکومت بنانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ اس کے لیے وہ پارلیمنٹ میں اقلیتی حکومت کی حمایت حاصل کرنے کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔

مجوزہ منصوبے کے تحت آئزن کوٹ کے دھڑے کے 48 اراکین پارلیمان حکومت کی حمایت کریں گے، جبکہ 46 اراکین نیتن یاہو کے ساتھ کھڑے ہوں گے۔ بقیہ 26 اراکین، جن کا تعلق عرب اور انتہائی قدامت پسند جماعتوں سے ہے، رائے شماری سے غیر حاضر رہیں گے، جس کے نتیجے میں مخالفت کے مقابلے میں حکومت کے حامی اراکین کی تعداد زیادہ ہو جائے گی۔

انتخابات میں کسی جماعت کو واضح اکثریت نہیں ملی

واضح رہے کہ 27 اکتوبر کو اسرائیل میں ہونے والے انتخابات میں کسی بھی جماعت کو واضح اکثریت حاصل نہیں ہو سکی تھی۔ نیتن یاہو کی لیکود پارٹی 27 نشستیں جیت کر سب سے بڑی جماعت ضرور بنی، تاہم ان کے اتحاد کو مجموعی طور پر صرف 53 نشستیں ہی مل سکیں، جبکہ حکومت بنانے کے لیے 61 نشستوں کی اکثریت درکار ہے۔

Mashriq Timesمشرق

Newsroom Admin

نئی دہلی، 15 ستمبر 2026، (اپڈیٹڈ 07:51 AM IST)

💬

تبصرے اور آراء

0

اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ درج کریں:

صحافتی ضابطہ اخلاق کا احترام ملحوظ رکھیں۔
✍️

اس خبر پر ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں آیا۔ پہلے تبصرہ نگار بنیں!