منگل، 24 نومبر 2026 | 13 جمادی الثانی 1448 ھ
●بریکنگ نیوز
اہم قومی، بین الاقوامی اور عوامی خبروں کی تازہ ترین اپ ڈیٹس
عالمی

اسرائیلی پارلیمنٹ میں نیا باب:احمد طیبی ڈپٹی اسپیکر منتخب

Newsroom Admin·16 نومبر 2026
فونٹ سائز:
اسرائیلی پارلیمنٹ میں نیا باب:احمد طیبی ڈپٹی اسپیکر منتخب

اسرائیلی پارلیمنٹ میں نیا باب:احمد طیبی ڈپٹی اسپیکر منتخب. (تصویر: مشرق ٹائمز)

عرب موومنٹ فار رینیول (طعل) پارٹی کے چیئرمین احمد طیبی کو اسرائیلی پارلیمنٹ (کنسیت) کا ڈپٹی اسپیکر منتخب کر لیا گیا ہے۔ اسرائیل میں مقیم فلسطینی شہریوں کی طویل عرصے سے نمائندگی کرنے والے اس تجربہ کار قانون ساز کے لیے یہ تقرری ایک اہم سنگِ میل قرار دی جا رہی ہے۔

یاسر عرفات کے مشیر سے پارلیمنٹ تک کا سفر:

الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق احمد طیبی 19 دسمبر 1958 کو طیبہ شہر میں میں پیدا ہوئے، انہوں نے ابتدائی طور پر طب (میڈیسن) کی تعلیم حاصل کی۔ 1983 میں یروشلم کی عبرانی یونیورسٹی سے اعزاز کے ساتھ گریجویشن مکمل کی، تاہم جلد ہی ان کی سیاسی سرگرمیاں ان کے طبی پیشے پر غالب آ گئیں۔

1984 میں احمد طیبی نے اس وقت کے اسرائیلی قوانین کی پروا کیے بغیر تیونس میں تنظیم آزادی فلسطین (پی ایل او) کے رہنما یاسر عرفات سے ملاقات کی، حالانکہ اس دور میں اسرائیل نے اس تنظیم کو کالعدم قرار دے رکھا تھا۔ وطن واپسی پر اسرائیلی پولیس نے ان سے پوچھ گچھ ضرور کی، لیکن ان پر باضابطہ طور پر کوئی فردِ جرم عائد نہیں کی گئی۔

بعد ازاں 1993 سے 1999 کے درمیان انہوں نے یاسر عرفات کے سیاسی مشیر کے طور پر خدمات انجام دیں اور 1998 میں امریکی ریاست میری لینڈ میں ہونے والے وائی ریور (Wye River) سربراہی اجلاس میں فلسطینی وفد کے ترجمان کا کردار بھی ادا کیا۔

اس وقت بنجمن نیتن یاہو بطور وزیر اعظم اپنا پہلا دورِ اقتدار گزار رہے تھے۔ اس اجلاس میں اسرائیل نے مقبوضہ مغربی کنارے کے کچھ حصوں سے اپنی افواج واپس بلانے پر رضامندی ظاہر کی تھی، جبکہ فلسطینی اتھارٹی نے مزاحمتی تحریک کے مسلح دھڑوں کے خلاف مزید کاروائی کرنے سے اتفاق کیا تھا، تاہم دیگر معاہدوں کی طرح اسرائیل نے جلد ہی اس معاہدے سے بھی کنارہ کشی اختیار کر لی تھی۔

پارلیمانی جدوجہد اور دوٹوک موقف:

احمد طیبی نے 1996 میں 'طعل' پارٹی کی بنیاد رکھی اور 1999 میں پہلی بار اسرائیلی پارلیمنٹ کے رکن منتخب ہوئے۔ خود کو "اسرائیلی شہریت رکھنے والا عرب فلسطینی" کہلانے والے طیبی دو ریاستی حل اور فلسطینی پناہ گزینوں کی وطن واپسی کے حق کے زبردست حامی ہیں۔ وہ اسرائیل کی بطور "یہودی ریاست" تعریف کو مسلسل چیلنج کرتے ہوئے اسے "نسلی امتیاز پر مبنی ریاست" قرار دیتے ہیں اور ایک ایسی ریاست کے قیام کا مطالبہ کرتے ہیں جو اپنے تمام شہریوں کے لیے یکساں ہو۔ ان کے اسی بے باک موقف اور زمینی سطح پر سرگرمیوں کی وجہ سے وہ بارہا اسرائیلی حکومت اور انتہا پسند دائیں بازو کے کارکنوں کے نشانے پر رہے ہیں۔

Mashriq Timesمشرق

Newsroom Admin

نئی دہلی، 16 ستمبر 2026، (اپڈیٹڈ 12:40 PM IST)

💬

تبصرے اور آراء

0

اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ درج کریں:

صحافتی ضابطہ اخلاق کا احترام ملحوظ رکھیں۔
✍️

اس خبر پر ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں آیا۔ پہلے تبصرہ نگار بنیں!