THURSDAY, NOVEMBER 12, 2026 | 1 Jumada al-Thani 1448 AH
ENGLISH|
●BREAKING NEWS
Latest updates on major national, international, and public-interest stories
Politics

یوپی انتخابات 2027: اویسی اور چندر شیکھر نے ملایا ہاتھ، 'سماجی پریورتن مورچہ' کا اعلان

Newsroom Admin·12 November 2026
Text:
یوپی انتخابات 2027: اویسی اور چندر شیکھر نے ملایا ہاتھ، 'سماجی پریورتن مورچہ' کا اعلان

یوپی انتخابات 2027: اویسی اور چندر شیکھر نے ملایا ہاتھ، 'سماجی پریورتن مورچہ' کا اعلان. (Photo: Mashriq Times)

اتر پردیش کے آئندہ اسمبلی انتخابات سے قبل ریاست کی سیاست میں ایک نیا موڑ آگیا ہے۔ آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسد الدین اویسی اور آزاد سماج پارٹی کے صدر چندر شیکھر آزاد نے باضابطہ طور پر انتخابی اتحاد کا اعلان کر دیا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں اس نئے سیاسی اتحاد کو 'سماجی پریورتن مورچہ' کا نام دیا ہے، جسے آئندہ انتخابات کے تناظر میں ایک اہم سیاسی مساوات کے طور پر دیکھا جا رہا ہے۔

یہ تیسرا نہیں بلکہ پہلا مضبوط محاذ ہوگا: چندر شیکھر آزاد

پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چندر شیکھر آزاد نے اس اتحاد کو تیسرا محاذ قرار دینے سے صاف انکار کیا۔ انہوں نے کہا کہ فی الحال اس اتحاد میں آزاد سماج پارٹی اور مجلس اتحاد المسلمین شامل ہیں اور یہ تیسرا نہیں بلکہ پہلا مضبوط محاذ ثابت ہوگا۔ انہوں نے شکوہ کیا کہ انہوں نے بڑے اتحادوں میں شامل ہونے کی کوشش کی تھی، لیکن انہیں کمزور سمجھا گیا، تاہم اب مزید توہین برداشت نہیں کی جائے گی۔ اس موقع پر انہوں نے بی جے پی کو شکست دینے کے لیے کانگریس اور سماج وادی پارٹی کو بھی اس نئے محاذ میں شامل ہونے کی دعوت دی۔

مشترکہ اسٹیج پر موجود رہنماؤں کا تعارف کراتے ہوئے انہوں نے اسد الدین اویسی سمیت رامیشور پون، ڈاکٹر مسعود، آزاد سماج پارٹی کے ریاستی صدر سنیل کمار چتوڑ، ایم آئی ایم کے ریاستی صدر شوکت علی اور یشونت موریہ کا نام لیا اور کہا کہ دونوں جماعتوں کے سینئر رہنما اس مہم کا حصہ ہیں۔

چندر شیکھر آزاد ہوں گے وزیر اعلیٰ کا چہرہ: اویسی

اس موقع پر اسد الدین اویسی نے اتحاد کے مقاصد بیان کرتے ہوئے بڑا اعلان کیا کہ 'سماجی پریورتن مورچہ' کی جانب سے چندر شیکھر آزاد وزیر اعلیٰ کے عہدے کے امیدوار ہوں گے۔ اویسی نے اعتماد ظاہر کیا کہ یہ اتحاد اتر پردیش میں ایک مضبوط سیاسی متبادل بن کر ابھرے گا اور بی جے پی کو تیسری بار اقتدار میں آنے سے روکے گا۔

اویسی کا مزید کہنا تھا کہ وہ اور چندر شیکھر جن طبقات کی نمائندگی کرتے ہیں، ان پسماندہ اور دبے کچلے لوگوں کو اب تک صرف ووٹ بینک کے طور پر استعمال کیا گیا ہے۔ اس نئے اتحاد میں کسی ایک ذات کے بجائے مختلف برادریوں کے محروم طبقات کو ساتھ لے کر چلا جائے گا۔

انتخابی مساوات پر ممکنہ اثرات:

سیاسی مبصرین کے مطابق ان دونوں جماعتوں کے اتحاد سے اتر پردیش کا انتخابی معرکہ کافی دلچسپ ہو نے والا ہے۔ کیوں کہ چندر شیکھر آزاد دلت ووٹروں اور اسد الدین اویسی مسلم ووٹروں کو یکجا کرنے کی کوشش کریں گے۔ ریاست میں مسلمانوں کی آبادی تقریباً 19 فیصد ہے،جبکہ درج فہرست ذاتوں (شیڈولڈ کاسٹس) کی آبادی تقریباً 21 فیصد ہے، جو مل کر کل ووٹوں کا 40 فیصد بنتا ہے۔ اس نئے محاذ کے مضبوط ہونے سے سماج وادی پارٹی اور کانگریس کو بڑا نقصان ہو سکتا ہے، جس کا فائدہ بی جے پی کو ملنے کا امکان ہے۔

Mashriq TimesMT

Newsroom Admin

New Delhi, November 12, 2026, (Updated 02:09 AM IST)

💬

Reader Comments

0

Join the conversation

Leave your comment:

Please keep discussions respectful.
✍️

No comments yet on this article. Be the first to share your view!